حوزه/ اس سال ہندوستان کو آزاد ہوئے 76 سال مکمل ہو گئے اور 77 ویں ہندوستانی یوم آزادی کا جشن منایا جا رہا ہے۔

تحریر: محمد جواد حبیب

حوزه نیوز ایجنسی| اس سال ہندوستان کو آزاد ہوئے 76 سال مکمل ہو گئے اور 77 ویں ہندوستانی یوم آزادی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ہندوستان ان تمام رہنماؤں کو سلام کرتا ہے جنہوں نے ماضی میں ہندوستان کی آزادی کی جنگ لڑی تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستان کے لئے برطانوی حکمرانی سے آزادی حاصل کرنا آسان نہیں تھا، لیکن ہمارے رہنماؤں، آزادی پسندوں اور لوگوں نے مل کر آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا اور آزادی کے حصول کے لئے پرعزم تھے۔

یومِ آزادی ایک خاص اہمیت کا حامل اور حب الوطنی کے جذبہ سے بھرپور ایک خاص دن ہے۔ برطانوی تسلط سے آزادی ہندوستان کی عوام نے طویل جدوجہد کے بعد حاصل کی تھی۔ پندرہ اگست ملک کے یومِ آزادی کے طور پر ہی نہیں بلکہ اِسی اجتماعی جذبے کو یاد کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ہندوستان کے سَوا سَو کروڑ عوام کو سوچنا چاہئے کہ جشنِ آزادی محض ایک رسم کا نام نہیں ہے بلکہ آزادی کے بعد سے اب تک ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا، اپنی قومی پیش رفت، ترقی و بہبود کی رفتار، آزادی کے ممکنہ ثمرات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملک کی سالمیت کی بقاء کے سلسلے میں اپنی کاوشوں کے محاسبہ کا نام ہے۔ یومِ آزادی دراصل خود احتسابی کا دِن ہے۔ آج ہم یہ عہد کریں کہ جس طرح ہم سب نے مِل کر ملک کی آزادی حاصل کی ہے اُسی حوصلہ و جذبہ سے سرشار ہو کر ہندوستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔